کلام حق

پیدائش 1

« ‹ › »

مقدس کتاب

31 ۱۔خُدا نے اِبتدا میں زمِین و آسمان کو پَیدا کِیا۔ ۲۔اور زمِین وِیران اور سُنسان تھی اور گہراؤ کے اُوپر اندھیرا تھا اور خُدا کی رُوح پانی کی سطح پر جُنبِش کرتی تھی۔ ۳۔اور خُدا نے کہا کہ رَوشنی ہو جا اور رَوشنی ہو گئی۔ ۴۔اور خُدا نے دیکھا کہ رَوشنی اچھّی ہے اور خُدا نے رَوشنی کو تارِیکی سے جُدا کِیا۔ ۵۔اور خُدا نے رَوشنی کو تو دِن کہا اور تارِیکی کو رات اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی۔ سو پہلا دِن ہُؤا۔ ۶۔اور خُدا نے کہا کہ پانیوں کے درمیان فضا ہو تاکہ پانی پانی سے جُدا ہو جائے۔ ۷۔پس خُدا نے فضا کو بنایا اور فضا کے نِیچے کے پانی کو فضا کے اُوپر کے پانی سے جُدا کِیا اور اَیسا ہی ہُؤا۔ ۸۔اور خُدا نے فضا کو آسمان کہا اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی۔ سو دُوسرا دِن ہُؤا۔ ۹۔اور خُدا نے کہا کہ آسمان کے نِیچے کا پانی ایک جگہ جمع ہو کہ خُشکی نظر آئے اور اَیسا ہی ہُؤا۔ ۱۰۔اور خُدا نے خُشکی کو زمِین کہا اور جو پانی جمع ہو گیا تھا اُس کو سمُندر اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔ ۱۱۔اور خُدا نے کہا کہ زمِین گھاس اور بیِج دار بوٹِیوں کو اور پَھل دار درختوں کو جو اپنی اپنی جِنس کے مُوافِق پَھلیں اور جو زمِین پر اپنے آپ ہی میں بیِج رکھّیں اُگائے اور اَیسا ہی ہُؤا۔ ۱۲۔تب زمِین نے گھاس اور بوٹِیوں کو جو اپنی اپنی جِنس کے مُوافِق بیِج رکھّیں اور پَھل دار درختوں کو جِن کے بیِج اُن کی جِنس کے مُوافِق اُن میں ہیں اُگایا اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔ ۱۳۔اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی۔ سو تِیسرا دِن ہُؤا۔ ۱۴۔اور خُدا نے کہا کہ فلک پر نیّر ہوں کہ دِن کو رات سے الگ کریں اور وہ نِشانوں اور زمانوں اور دِنوں اور برسوں کے اِمتیاز کے لِئے ہوں۔ ۱۵۔اور وہ فلک پر انوار کے لِئے ہوں کہ زمِین پر رَوشنی ڈالیں اور اَیسا ہی ہُؤا۔ ۱۶۔سو خُدا نے دو بڑے نیّر بنائے۔ ایک نیّرِ اکبر کہ دِن پر حُکم کرے اور ایک نیّرِ اصغر کہ رات پر حُکم کرے اور اُس نے سِتاروں کو بھی بنایا۔ ۱۷۔اور خُدا نے اُن کو فلک پر رکھّا کہ زمِین پر رَوشنی ڈالیں۔ ۱۸۔اور دِن پر اور رات پر حُکم کریں اور اُجالے کو اندھیرے سے جُدا کریں اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔ ۱۹۔اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی۔ سو چَوتھا دِن ہُؤا۔ ۲۰۔اور خُدا نے کہا کہ پانی جان داروں کو کثرت سے پَیدا کرے اور پرِندے زمِین کے اُوپر فضا میں اُڑیں۔ ۲۱۔اور خُدا نے بڑے بڑے دریائی جانوروں کو اور ہر قِسم کے جاندار کو جو پانی سے بکثرت پَیدا ہوئے تھے اُن کی جِنس کے مُوافِق اور ہر قِسم کے پرِندوں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق پَیدا کِیا اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔ ۲۲۔اور خُدا نے اُن کو یہ کہہ کر برکت دی کہ پَھلو اور بڑھو اور اِن سمُندروں کے پانی کو بھر دو اور پرِندے زمِین پر بہُت بڑھ جائیں۔ ۲۳۔اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی۔ سو پانچواں دِن ہُؤا۔ ۲۴۔اور خُدا نے کہا کہ زمِین جان داروں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق چَوپائے اور رینگنے والے جاندار اور جنگلی جانور اُن کی جِنس کے مُوافِق پَیدا کرے اور اَیسا ہی ہُؤا۔ ۲۵۔اور خُدا نے جنگلی جانوروں اور چَوپایوں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق اور زمِین کے رینگنے والے جان داروں کو اُن کی جِنس کے مُوافِق بنایا اور خُدا نے دیکھا کہ اچھّا ہے۔ ۲۶۔پِھر خُدا نے کہا کہ ہم اِنسان کو اپنی صُورت پر اپنی شبِیہ کی مانِند بنائیں اور وہ سمُندر کی مچھلیوں اور آسمان کے پرِندوں اور چَوپایوں اور تمام زمِین اور سب جان داروں پر جو زمِین پر رینگتے ہیں اِختیار رکھّیں۔ ۲۷۔اور خُدا نے اِنسان کو اپنی صُورت پر پَیدا کِیا۔ خُدا کی صُورت پر اُس کو پَیدا کِیا۔ نر و ناری اُن کو پَیدا کِیا۔ ۲۸۔اور خُدا نے اُن کو برکت دی اور کہا کہ پَھلو اور بڑھو اور زمِین کو معمُور و محکُوم کرو اور سمُندر کی مچھلیوں اور ہوا کے پرِندوں اور کُل جانوروں پر جو زمِین پر چلتے ہیں اِختیار رکھّو۔ ۲۹۔اور خُدا نے کہا کہ دیکھو مَیں تمام رُویِ زمِین کی کُل بیِج دار سبزی اور ہر درخت جِس میں اُس کا بیِج دار پَھل ہو تُم کو دیتا ہُوں۔ یہ تُمہارے کھانے کو ہوں۔ ۳۰۔اور زمِین کے کُل جانوروں کے لِئے اور ہوا کے کُل پرِندوں کے لِئے اور اُن سب کے لِئے جو زمِین پر رینگنے والے ہیں جِن میں زِندگی کا دَم ہے کُل ہری بوٹِیاں کھانے کو دیتا ہُوں اور اَیسا ہی ہُؤا۔ ۳۱۔اور خُدا نے سب پر جو اُس نے بنایا تھا نظر کی اور دیکھا کہ بہت اچھّا ہے اور شام ہُوئی اور صُبح ہُوئی۔ سو چھٹا دِن ہُؤا۔

تفسیر

تعارف


تفسیر

۱۔ اِس دُنیا کے اِبتدائی اَدوار (‏ابواب ۱۔۱۱)‏


الف۔ تخلیق (‏ابواب ۱‏،۲)‏

۱:‏۱ ’’اِبتدا میں خدا نے …‘‘ بائبل کے یہ پہلے چار الفاظ ایمان کی بنیاد رکھتے ہیں۔ بائبل کے اِن الفاظ پر ایمان لائیں‏، اور اِس کے بعد بائبل میں جو کچھ لکھا ہے اُس پر آپ ایمان رکھ سکیں گے۔ پیدائش کی
کتاب میں تخلیق کا واحد اور مستند بیان پیش کیا گیا ہے اور یہ ہر دَور کے لوگوں کے لئے بامقصد ہے۔ اِس کے علاوہ اَور کوئی بیان جامع اور مکمل نہیں ہے۔ الٰہی دستاویز میں خدا کے وجود کو ثابت کرنے کے بجائے‏، اِسے تسلیم کیا گیا ہے۔ جو
خدا کی حقیقت سے اِنکار کرتے ہیں بائبل میں اُنہیں خاص نام دیا گیا‏، اور وہ نام ہے ’احمق‘ (‏زبور ۱۴:‏۱ اور ۵۳:‏۱)‏۔ جیسا کہ بائبل کا آغاز خدا سے ہوتا ہے‏، بعینہٖ اُس کا ہماری زندگیوں میں اوّل مقام ہو۔

۱:‏۲ پیدائش کی کتاب میں تخلیق کے بیان کے سلسلے میں مختلف راسخ الاعتقاد تشریحات میں سے ایک ’’ازسرِ نو تخلیق کا نظریہ‘‘ بھی ہے جس کے مطابق آیات ۱‏،۲ کے درمیان بہت بڑا سانحہ ہوا‏، شاید یہ اِبلیس کا
گرایا جانا تھا (‏حزقی ایل ۲۸:‏۱۱۔۱۹)‏۔ اِس سانحہ سے خدا کی بنیادی اور کامل تخلیق ’’ویران اور سنسان‘‘ ہو گئی۔ چونکہ خدا نے زمین کو عبث پیدا نہیں کیا (‏یسعیاہ ۴۵:‏۱۸)‏‏، اِس لئے صرف ایک بہت بڑا اِنقلاب ہی آیت ۲ میں مذکور ’’ویران
اور سنسان‘‘ کی وضاحت اور تشریح ہے۔ اِس نظریے کے حامی لفظ ’’تھی‘‘ کی حقیقت کی نشان دہی کرتے ہیں کہ عبرانی لفظ کا ترجمہ ’’ہو گئی‘‘ بھی ہو سکتا ہے‏، یعنی زمین ویران اور سنسان ہو گئی تھی۔

’’خدا کی روح پانی کی سطح پر جنبش کرتی تھی۔‘‘ یہ بہت بڑے تخلیقی اور ازسرِ نو تشکیل کے عمل کی تیاری تھی۔ بعد کی آیات میں بیان کیا گیا ہے کہ چھے دن میں تخلیق اور ازسرِنو تشکیل سے زمین اِنسانی رہائش کے لئے تیار کی گئی۔

۱:‏۳۔۵پہلے دن خدا نے روشنی کو تاریکی سے جدا کیا اور دن اور رات کو قائم کیا۔ اِس عمل کو چوتھے دن سورج‏، چاند اور ستاروں کے قیام سے خلط ملط نہ کریں۔ ۲۔کرنتھیوں ۴:‏۶ میں پولس رسول تاریکی سے نور کو جدا
کرنے اور گنہگار کی تبدیلی میں مماثلت بیان کرتا ہے۔

۱:‏۶۔۸ یوں معلوم ہوتا ہے کہ دوسرے دن سے قبل زمین پانی کی موٹی تہ سے مکمل طور پر گھری ہوئی تھی‏، شاید یہ آبی بخارات کی صورت تھی۔ دوسرے دن خدا نے اِس تہ کو تقسیم کیا‏، یعنی ایک حصہ زمین پر کا پانی
بنا اور دوسرا بادل۔ اور اُن کے درمیان فضا تھی۔ ’’خدا نے فضا کو آسمان کہا‘‘‏، یعنی زمین کے اُوپر فوری خلا کی وُسعت (‏نہ کہکوکبی یا ستاروں بھرا آسمان‏، نہ ہی تیسرا آسمان جو خدا کی سکونت گاہ ہے)‏۔ آیت ۲۰ اِس کی وضاحت کرتی ہے کہ
آسمان سے یہاں مراد ہے وہ فضا جہاں پرندے اُڑتے ہیں۔

۱:‏۹۔۱۳ تب خدا نے پانی میں سے خشک زمین کو ظاہر کیا‏، یعنی اُس پانی سے جو اِس سیارے کو ڈھانپے ہوئے تھا۔ یوں سمندر اور زمین کو پیدا کیا گیا‏، تیسرے دن خدا نے زمین سے ہر طرح کے درختوں‏، گھاس اور
بوٹیوں کو اُگایا۔

۱:‏۱۴۔۱۹ چوتھے دن خدا نے سورج‏، چاند اور ستاروں کو آسمان پر پیدا کیا تاکہ وہ روشنی دیں اور اُن سے ماہ و سال کا اِمتیاز ہو سکے۔

۱:‏۲۰۔۲۳ پانچویں دن پانیوں میں مچھلیاں پیدا کیں اور زمین پر پرندے اور رینگنے والے جانداروں کو پیدا کیا۔ لفظ ’’پرندوں‘‘ کا مطلب ہے ’’اُڑنے والے‘‘ اور اِس میں چمگادڑیں اور غالباً اُڑنے والے کیڑے بھی
شامل ہیں۔

۱:‏۲۴‏، ۲۵ چھٹے دن خدا نے جانوروں اور رینگنے والے جانداروں کو پیدا کیا۔ قانونِ تولید کو عموماً اِن الفاظ‏، ’’اُن کی جنس کے موافق‘‘ سے بار بار دُہرایا گیا ہے۔ حیاتیاتی زندگی کی ’جنس‘ کے درمیان
نمایاں اِختلاف ہے۔ لیکن ایک جنس سے دوسری جنس میں منتقل ہونے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

۱:‏۲۶۔۲۸ خدا نے سب سے اعلیٰ تخلیق اِنسان کو اپنی صورت پر اپنی شبیہ کی مانند پیدا کیا۔ اِس کا یہ مطلب ہے کہ اِنسان کو خدا کے نمائندے کی حیثیت سے زمین پر رکھا گیا۔ اور کئی طرح سے اِس کی خدا کے ساتھ
مشابہت ہے۔ جیسے تثلیث میں باپ‏، بیٹا اور روح القدس ہے بعینہٖ اِنسان تین حصوں یعنی روح‏، جان اور جسم پر مشتمل ہے۔ خدا کی طرح اِنسان میں شعور و عقل‏، اخلاقی فطرت‏، دوسروں سے تعلق اور رابطہ قائم کرنے کی قوت اور جذباتی فطرت ہے‏، جو
محض جبلت سے کہیں ماورا ہے۔ یہاں جسمانی صورت کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ دوسرے جانداروں کے مقابلے میں اِنسان خدا کی پرستش کرنے والا‏، صاف صاف باتیں کرنے والا اور تخلیق کار ہے۔

آیت ۲۶ میں تثلیث کا تصور موجود ہے۔ ’’پھر خدا (‏الوہیم‏، جمع)‏ نے کہا (‏عبرانی میں واحد)‏ کہ ہم (‏جمع)‏ اِنسان کو اپنی صورت پر اپنی شبیہ کی مانند بنائیں۔‘‘

بائبل جنس یعنی تذکیر و تانیث کی اِبتدا کو خدا کے تخلیقی عمل کے طور پر بیان کرتی ہے۔ مسئلۂ اِرتقا میں تذکیر و تانیث کے آغاز کی کبھی وضاحت نہیں کی گئی۔ بنی نوعِ اِنسان کو پھلنے اور بڑھنے کے لئے حکم دیا گیا۔

خدا نے اِنسان کو اِختیار دیا کہ وہ مخلوقات پر حکومت کرے‏، یعنی اِس کا استعمال کرے نہ کہ اِس کا ناجائز استعمال کرے۔ زمین پر ماحولیاتی بحران اِنسان کے لالچ‏، خود غرضی اور بے پروائی کے باعث ہے۔

۱:‏۲۹‏، ۳۰ اِن آیات سے صاف ظاہر ہے کہ جاندار شروع میں جڑی بوٹیاں کھانے والے تھے اور اِنسان بھی سبزی خور تھا۔ لیکن طوفان کے بعد یہ اصول تبدیل ہو گیا (‏۹:‏۱۔۷)‏۔

کیا یہ چھے دن سچ مچ ۲۴ گھنٹوں کے دن تھے‏، یا یہ ارضیاتی طور پر اَدوار تھے؟ یا یہ ڈرامائی رُؤیا کے دن تھے‏، جن کے دوران موسیٰ پر تخلیق کے بیان کا مکاشفہ ہوا؟ کسی بھی سائنسی ثبوت نے اِس تصور کو ردّ نہیں کیا کہ یہ فی الواقع شمسی
ایام تھے۔ یہ الفاظ ’’صبح اور شام‘‘ ۲۴ گھنٹوں کے دنوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔ پرانے عہدنامے میں ہر جگہ اِن الفاظ کا مطلب عام ایام ہے۔ آدم نے ساتویں دن کو گزارا اور ۹۳۰ سال کی عمر میں اِنتقال کیا۔ چنانچہ ساتواں دن زمانے کا دَور نہیں
تھا۔ جب پرانے عہدنامے میں ’’دن‘‘ کا عدد کے حساب سے استعمال کیا جاتا ہے (‏پہلا دن۔ وغیرہ‏، وغیرہ)‏ تو اِس کا مطلب سچ مچ دن ہی ہے۔ جب خدا نے بنی اِسرائیل کو سبت کے دن آرام کرنے کے لئے حکم دیا تو اُس کے اِس حکم کی بنیاد اِس حقیقت
پر تھی کہ اُس نے خود چھے دن کام کرنے کے بعد آرام کیا۔ بااُصول تشریح تقاضا کرتی ہے کہ لفظ ’دن‘ کو اُنہی معنوں میں سمجھا جائے۔

یہاں یہ مشکل درپیش ہے کہ شمسی ایام کے جو معانی ہم اخذ کرتے ہیں‏، ممکن ہے کہ چوتھے دن تک اُن کا آغاز نہ ہوا ہو (‏آیات ۱۴۔۱۹)‏۔

جہاں تک بائبل کا تعلق ہے‏، آسمان و زمین کی تخلیق کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔ اِنسان کی تخلیق کی بھی کوئی تاریخ نہیں ہے۔ تاہم نسب نامے دیئے گئے اور نسب ناموں میں ممکنہ وقفے موجود ہیں۔ چنانچہ اِنسان مسئلہ اِرتقا کے حامیوں کے مطابق
لاکھوں سال سے زمین پر موجود نہیں ہے۔

ہم یوحنا ۱:‏۱‏،۱۴؛ کلسیوں ۱:‏۱۶ اور عبرانیوں ۱:‏۲ سے اخذ کرتے ہیں کہ خداوند یسوع تخلیق کے عمل میں سرگرم تھا۔ تخلیق کے عظیم عجائبات کی بنا پر وہ بے حد پرستش کے لائق ہے۔

۱:‏۳۱ چھے دن کی تخلیق کے اِختتام پر‏، ’’خدا نے سب پر جو اُس نے بنایا تھا نظر کی اور دیکھا کہ بہت اچھا ہے۔‘‘


« ‹ › »